گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی جہاں 24 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں آئیں گے۔
گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات،24 حلقوں میں 403 امیدوار میدان میں آئیں گے

مزید خبریں
گلگت۔ 02 جون (اے پی پی):گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی جہاں 24 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں آئیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں 272 آزاد امیدوار میدان میں ہیں، مختلف سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر 131 امیدوار انتخابی دوڑ کا حصہ بنے ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) 23 امیدواروں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 22 امیدواروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11، اسلامی تحریک پاکستان اور پاکستان نظریاتی پارٹی کے 10، 10 جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے 7، جماعت اسلامی اور متحدہ قومی موومنٹ کے 6، 6 جبکہ عوامی ورکرز پارٹی کے 4 امیدوار میدان میں موجود ہیں۔
حلقہ وار جائزے کے مطابق سب سے زیادہ امیدواروں کا مقابلہ جی بی اے۔2 گلگت II میں ہوگا، جہاں 40 امیدوار مدِمقابل ہیں۔ اسی طرح جی بی اے۔14 استور II میں 33 امیدوار انتخابی معرکے میں حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب جی بی اے۔24 گانچھے III میں صرف 6 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔انتخابی عمل میں خواتین کی نمائندگی انتہائی کم ہے۔ مجموعی طور پر 403 امیدواروں میں صرف 8 خواتین شامل ہیں، جن میں سے 5 آزاد حیثیت میں جبکہ ایک ایک امیدوار پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور پاکستان نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ حتمی فہرست کے اجرا کے بعد تمام انتخابی حلقوں میں سیاسی سرگرمیوں اور انتخابی مہم میں تیزی آ گئی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے رابطہ مہم مزید تیز کر دی ہے۔








