وفاقی وزیر ریلوے سے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی کی ملاقات، راولپنڈی ریلوے سٹیشن اور ملحقہ علاقوں کی اپ لفٹنگ اور خوبصورتی کے منصوبے پربریفنگ دی گئی
وفاقی وزیر ریلوے سے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی کی ملاقات، راولپنڈی ریلوے سٹیشن اور ملحقہ علاقوں کی اپ لفٹنگ اور خوبصورتی کے منصوبے پربریفنگ دی گئی

مزید خبریں
راولپنڈی۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر علی انجم سید نے ملاقات کی جس میں راولپنڈی ریلوے سٹیشن اور ملحقہ علاقوں کی اپ لفٹنگ اور خوبصورتی کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں سٹیشن کی تزئین و آرائش، شہری سہولتوں کی بہتری اور علاقے کو ایک مربوط اور جدید شکل دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت ریلوے کے میڈیا آفس کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کو ایک منفرد، شاہانہ اور تاریخی شناخت دی جائے گی جو پاکستان کے ثقافتی ورثے کی عکاس ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سٹیشن کے اندر اور اطراف کے علاقوں کی جمالیاتی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کو لاہور ریلوے سٹیشن اور اس کے گردونواح سے بھی زیادہ خوبصورت اور پرکشش بنایا جائے گا جبکہ اسے ملک کا سب سے خوبصورت، جدید اور ثقافتی رنگوں سے مزین ریلوے سٹیشن بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کے مطابق منصوبے کے تحت وسیع اور منظم پارکنگ ایریا قائم کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اسی طرح سٹیشن کے اطراف موجود مارکیٹ اور دکانوں کی اپ گریڈیشن یکساں ماڈل کے تحت کی جائے گی جبکہ دکانوں کے فرنٹ ڈیزائن اور تزئین و آرائش کو بھی ایک ہی طرز پر استوار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے مسافروں کو بہترین سفری سہولیات، خوبصورت ماحول اور عالمی معیار کی خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کی اپ لفٹنگ سے شہر کی سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ قومی ورثے اور تاریخی شناخت کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور راولپنڈی ریلوے سٹیشن جدید ترقی، تاریخی ورثے اور پاکستانی ثقافت کے حسین امتزاج کی علامت بنے گا۔








