وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات ، دورہ چین میں طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں،محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئےدورہ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئےدورہ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔بدھ کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی،اس موقعے پر وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لئے اپنی نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ دورہ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے( سی پیک 2.0 )کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کے دورہ چین کے موقع پر ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد از جلد حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے دورہ چین کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں چینی سفیر کی گرانقدر خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور حکام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں قیادتوں کے طے کردہ فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔

ملاقات کے دوران قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے پر پیشرفت کو تیز کرنے، سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے فروغ نیز پاکستان کے لئے اقتصادی اور مالی معاونت سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے کی بدلتی صورتحال اور اہم بین الاقوامی پیشرفت پر بھی گفتگو ہوئی۔چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو حالیہ کامیاب دورہ چین پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی فولادی اور لازوال برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لئے پُرعزم ہے۔

مزید خبریں