ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی کوئٹہ میں عوامی و سماجی مصروفیات، خوشی و غمی کے مواقع پر شرکت

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی کوئٹہ میں عوامی و سماجی مصروفیات، خوشی و غمی کے مواقع پر شرکت

کوئٹہ۔3جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اپنے آبائی حلقے صوبہ بلوچستان، کوئٹہ میں مختلف سماجی، عوامی اور خاندانی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے عوام سے اپنے قریبی تعلق اور اجتماعی اقدار کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سردار ولی کے صاحبزادے فضل محمد کی شادی کی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے دولہا اور اہلِخانہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور قبائلی شخصیات بھی موجود تھیں۔ سیدال خان ناصر نے میزبان خاندان سے ملاقات کی اور خوشی کے اس موقع پر ان کے لئے دعاگو رہے۔

تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی اور شرکاء نے نو بیاہتا جوڑے کے روشن اور کامیاب مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سابق چیئرمین انجمن تاجران بلوچستان خدائی دوست محمد خان مرحوم کی رہائش گاہ جا کر ان کے اہلِخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے صاحبزادوں اور دیگر لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے مرحوم کی سماجی اور کاروباری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر سیدال خان ناصر نے کہا کہ خدائی دوست محمد خان مرحوم نے تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ اور بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قابلِ قدر خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔

علاوہ ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سابق کونسلر و ناظم میر اسلم کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے صاحبزادے کی شادی کی خوشی میں خصوصی شرکت کی اور اہلِخانہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری اور سیاسی مصروفیات کے باعث وہ شادی کی تقریب میں شرکت نہ کر سکے تھے تاہم اہلِ علاقہ کی خوشیوں میں شریک ہونا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے آج خصوصی طور پر مبارکباد دینے آئے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نو بیاہتا جوڑے کو محبت، خوشیوں، صحت اور کامیابیوں سے بھرپور زندگی عطا فرمائے۔

میر اسلم اور اہلِخانہ نے سیدال خان ناصر کی آمد کو باعثِ مسرت قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے ساتھ رابطہ، ان کی خوشیوں اور غموں میں شریک ہونا عوامی نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوامی فلاح، ملکی ترقی، بلوچستان کی خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات جاری رکھے گی اور عوام کی خدمت کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔