چن ون اور محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب میں معاہدہ، ہوم ٹیکسٹائل، ملبوسات اور فرنیچر کے شعبوں میں جدید تربیت اور برآمدات کے فروغ کے لیے کام کرنے کا عزم
چن ون اور محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب میں معاہدہ، ہوم ٹیکسٹائل، ملبوسات اور فرنیچر کے شعبوں میں جدید تربیت اور برآمدات کے فروغ کے لیے کام کرنے کا عزم

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):معروف ہوم ٹیکسٹائل اور لائف اسٹائل برانڈ چن ون (ChenOne) اور محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے درمیان صنعت اور تعلیمی شعبے کے باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے گئے۔ بدھ کو جاری بیان میں اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ معاہدے کے تحت چن ون کی ڈیزائن ٹیم ہر سہ ماہی میں ’’ٹرینڈ فورکاسٹ‘‘ فراہم کرے گی تاکہ تیار کی جانے والی مصنوعات عالمی رجحانات، جدید رنگوں اور صارفین کی ترجیحات سے ہم آہنگ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی صوبے بھر کے سوشل ویلفیئر مراکز کے آپریشنل نظام میں بہتری، پیداواری استعداد میں اضافے اور کوالٹی کنٹرول کے فروغ کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کارکنوں کو جدید مشینری، فنشنگ تکنیکوں، جدید میٹریل ڈیزائن اور میٹریل ہینڈلنگ کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اعلیٰ معیار کے خام مال کے استعمال سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ تیار کردہ مصنوعات بین الاقوامی معیار اور پریمیم مارکیٹ کی ضروریات پر پورا اتر سکیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چن ون ان مصنوعات کو مارکیٹنگ کے عملی مواقع بھی فراہم کرے گا تاکہ صارفین کے ردعمل کا جائزہ لیا جا سکے اور مصنوعات کو برانڈ کے معیار اور ڈیزائن کے تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاہدے کو محکمہ کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون کے ذریعے ہوم ٹیکسٹائل، فرنیچر، ملبوسات اور ڈیکوریشن کے شعبوں میں جدید رجحانات، ڈیزائن اور مہارتوں سے استفادہ کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں غیر مؤثر طور پر استعمال ہونے والی افرادی قوت کو جدید فیشن، ڈیزائن اور پیداواری مہارتوں سے آراستہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چن ون کی مکمل صنعتی معاونت سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ برآمدات کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں کے نمائندوں نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم اور چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون میاں کاشف اشفاق نے اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی کی۔







