اوگرا کا 2 جون کو شائع ہونے والی خبر ’’ آئل انڈسٹری کی آئندہ بجٹ میں ونڈ فال ٹیکس کی مخالفت” کا نوٹس
اوگرا کا 2 جون کو شائع ہونے والی خبر ’’ آئل انڈسٹری کی آئندہ بجٹ میں ونڈ فال ٹیکس کی مخالفت” کا نوٹس

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 2 جون کو شائع ہونے والی خبر ’’ آئل انڈسٹری کی آئندہ بجٹ میں ونڈ فال ٹیکس کی مخالفت” کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی جانب سے جمع کرائے گئے تصدیق شدہ پی ڈی سی کلیمز میں سے تقریباً 45 فیصد کی پہلے ہی ادائیگی کی جا چکی ہے جبکہ باقی کلیمز پر متعلقہ اداروں کی جانب سے مکمل دستاویزات کی فراہمی اور تصدیقی تقاضے پورے کئے جانے سے مشروط کارروائی جاری ہے۔
اوگرا کی جانب سے زیر التوا پرائس ڈیفرینشل کلیمز اور تیل کے شعبے کے بعض سٹیک ہولڈرز کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کے حوالے سے جاری وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اتھارٹی وفاقی حکومت کے پالیسی فیصلوں اور پی ڈی سیز کی تصدیق اور ادائیگی کے منظور شدہ طریقہ کار پر عملدرآمد کر رہی ہے اور شفافیت، جوابدہی اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے مقررہ فریم ورک کے تحت مستعدی سے کارروائی کر رہی ہے۔ اوگرا نے تمام قابل قبول کلیمز کے بروقت تصفیے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتھارٹی صنعت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ مفاہمتی عمل میں سہولت فراہم کی جا سکے اور تصدیقی عمل کو تیز کیا جا سکے۔
اتھارٹی نے مزید واضح کیا کہ ایندھن کی قیمتوں، مارکیٹ کے استحکام اور صارفین کے تحفظ سے متعلق تمام ریگولیٹری فیصلے متعلقہ قوانین، حکومتی پالیسیوں اور وسیع تر عوامی مفاد کے مطابق کئے جاتے ہیں۔ اوگرا نے بلا تعطل پٹرولیم کی فراہمی، مارکیٹ کے استحکام، شفافیت کے فروغ اور صارفین و صنعت سے وابستہ تمام فریقین کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔







