آزاد کشمیر میں انتخابات27 جولائی کوہوں گے، امیدوار 19 جون تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، چیف الیکشن کمشنر

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات27 جولائی کوہوں گے اور انتخابی عمل کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے پاک فوج، رینجرز فورس، پولیس اور دیگر پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفی مغل نے ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے …

مظفر آباد۔ 05 جون (اے پی پی):آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات27 جولائی کوہوں گے اور انتخابی عمل کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے پاک فوج، رینجرز فورس، پولیس اور دیگر پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفی مغل نے ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں 45 براہ راست نشستوں پر انتخابات27 جولائی 2026 کوہوں گے۔انتخابی عمل کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے پاک فوج، رینجرز فورس، پولیس اور دیگر پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تقرریوں، تبادلوں اورنئے ترقیاتی منصوبوں پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاہم اے ڈی پی میں شامل ترقیاتی سکیموں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن کی بنیاد درست ووٹر لسٹ کی تیاری ہے۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے آئین کے مطابق صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کیلئے حتمی ووٹر لسٹ کی تیاری ذمہ داری سے مکمل کر لی ہے۔ ووٹر لسٹ کی اجرائیگی میں نادرا سسٹم میں تکنیکی وجوہات کی بناء پر ابتدائی غلطیوں کو دور کرنے کیلئے نادرا اور انتظامیہ کا تعاون مثالی رہا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔میڈیا کا صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ہمارے ساتھ تعاون رہا ہے۔ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ مظفرآباد سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمبلی کے تمام حلقوں میں انتخابات 27 جولائی 2026 کو منعقد ہوں گے۔امیدوار 9 جون سے 19 جون 2026 تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرا سکیں گے۔کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون 2026 کو کی جائے گی اسی روز درست نامزدگیوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔

کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون 2026 تک الیکشن کمیشن میں دائر کی جا سکیں گی۔اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون 2026 کو ہوگی جبکہ ان پر حتمی فیصلے 28 سے 29 جون 2026 کے دوران سنائے جائیں گے۔امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔انتخابی میدان میں موجود امیدواروں کی فہرست یکم جولائی 2026 کو شائع کی جائے گی انتخابی نشانات 2 جولائی 2026 کو الاٹ کیے جائیں گے۔اسی روز امیدواروں اور ان کے انتخابی نشانات کی حتمی فہرست بھی جاری کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔یہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔نوٹیفکیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔