کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت ماحولیاتی اثرات کے جائزے اور نہروں کے رائٹ آف وے کی بحالی کے حوالے سے اجلاس

کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ماحولیاتی اثرات کے جائزے اور نہروں کے رائٹ آف وے کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

سرگودھا۔ 05 جون (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ماحولیاتی اثرات کے جائزے اور نہروں کے رائٹ آف وے کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ انہار، جنگلات، ریونیو، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نہری اراضی پر تجاوزات، ماحولیاتی آلودگی، شجرکاری مہم، آبی گزرگاہوں کی بہتری اور نہری رائٹ آف وے کی بحالی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نہروں کے اطراف سرکاری اراضی کے تحفظ، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس میں نہری راستوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے، پانی کے بہاؤکو بہتر بنانے اور سبز ماحول کے فروغ کے لیے جاری منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کہا کہ نہری رائٹ آف وے کی بحالی حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہروں کے اطراف سرکاری اراضی پر کسی قسم کے غیر قانونی قبضے یا تجاوزات برداشت نہیں کیے جائیں گے اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنایا جائے اور سرکاری زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔کمشنر نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے تناظر میں شجرکاری، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ نہروں کے اطراف ستمبر تک 10 لاکھ پودے لگائے جائیں اور عوام میں ماحولیات کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نہری رائٹ آف وے کی بحالی سے نہ صرف آبی نظام کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ زرعی سرگرمیوں، ماحول کے تحفظ اور عوامی مفاد کو بھی تقویت ملے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ماحولیاتی بہتری، سرکاری اراضی کے تحفظ اور نہری نظام کی بحالی کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اقدامات کو تیز کریں گے۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مقررہ اہداف کے مطابق پیش رفت کو یقینی بنائیں اور جاری اقدامات کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے تاکہ حکومت پنجاب کے وڑن کے مطابق ایک صاف، سرسبز اور پائیدار ماحول کے قیام کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔