ایبٹ آباد،پولیس کا سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن،اسلحہ و منشیات برآمد،22 مشکوک افراد زیر حراست
ایبٹ آباد۔ 05 جون (اے پی پی):ایس پی کینٹ ایبٹ آباد علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں سرکل میرپور اور کینٹ کے مختلف تھانوں کی حدود میں بھاری نفری کے ہمراہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا گیا جس کے دوران 295 گھروں کی چیکنگ کی گئی جبکہ 15 کرایہ داروں کی رجسٹریشن نہ ہونے پر مکان مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
اسی طرح غیر قانونی طور پر مقیم تین غیر ملکی شہریوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات بھی قائم کیے گئے،پولیس نے کارروائی کے دوران 7 پستول،2 بندوقیں،100 کارتوس اور 2 کلو 200 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق مختلف مقامات سے 22 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔









