خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، جعلی و ناقص کولڈ ڈرنکس اور مختلف خوردنوش اشیاء ضبط، جرمانے عائد

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور اور نوشہرہ میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے بڑی مقدار میں جعلی، غیر معیاری اور ناقص مشروبات اور دیگر اشیائے خوردونوش پکڑ کر ضبط کر لیں

پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور اور نوشہرہ میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے بڑی مقدار میں جعلی، غیر معیاری اور ناقص مشروبات اور دیگر اشیائے خوردونوش پکڑ کر ضبط کر لیں۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی ترجمان نے تفصیلات جاری کیں اوربتایا کہ گزشتہ روز پشاور فوڈ سیفٹی ٹیموں نے تہکال، ناصر باغ روڈ اور رنگ روڈ کے مختلف علاقوں میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران ایک سوڈا واٹر یونٹ سے 500 لیٹر مضرِ صحت اور غیر معیاری سوڈا واٹر برآمد کرکے موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ایک گودام سے 500 لیٹر جعلی ڈرنک (سٹنگ) برآمد کرکے ضبط کر لی گئی۔ متعلقہ کاروباروں کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ دوسری جانب ضلع نوشہرہ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے 4 فیکٹریوں سمیت مختلف خوراکی کاروباروں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں اور غیر معیاری خوراک کی موجودگی پر متعدد کاروباروں کو جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران تقریباً 5 ہزار کلوگرام ناقص اور غیر معیاری دودھ، آئس کریم، شربت، سموسہ اور رول فلنگ برآمد کرکے تلف کر دی گئی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کے کاروبار میں ملوث عناصر کا صوبے سے خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور عوام کو محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔