ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر حماد حسن مرزا نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژن کے تمام متعلقہ افسران، انجینئرز اور ریلوے عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ دورے کے دوران لاہور ریلوے اسٹیشن کے انفراسٹرکچر، مسافر سہولیات اور اسٹیشن کی موجودہ استعداد سے مزید بہتر استفادہ حاصل کرنے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا
اے جی ایم انفراسٹرکچر حماد حسن مرزا کا ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ
لاہور۔5جون (اے پی پی):ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر حماد حسن مرزا نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژن کے تمام متعلقہ افسران، انجینئرز اور ریلوے عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ دورے کے دوران لاہور ریلوے اسٹیشن کے انفراسٹرکچر، مسافر سہولیات اور اسٹیشن کی موجودہ استعداد سے مزید بہتر استفادہ حاصل کرنے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔ اسٹیشن پر مسافروں اور ریلوے ملازمین کو محفوظ، آسان اور بہتر اپروچ دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے جی ایم انفراسٹرکچر اور ڈی ایس ریلوے لاہور نے ریزرویشن ہال اور اس میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریزرویشن ہال کی چھت کا بھی دورہ کیا گیا جہاں چھت کے ممکنہ اور موثر استعمال کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ دستیاب انفراسٹرکچر سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔افسران نے ریلوے اسٹیشن پر حال ہی میں نصب کیے گئے ٹھنڈے پانی کے نئے کولروں کا معائنہ کیا اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم نمبر 4پر زیر تعمیر سی آئی پی لانج اور ویٹنگ رومز کا بھی معائنہ کیا گیا۔
دورے کے دوران فیملی لانج، پلیٹ فارم نمبر 2پر قائم ایگزیکٹو ویٹنگ رومز اور پلیٹ فارم نمبر 2، 4اور 5پر دستیاب مسافر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران اور اسٹاف کو ہدایت کی گئی کہ مسافروں کو معیاری، محفوظ اور بروقت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیا جائے۔دورے کے دوران اے جی ایم انفراسٹرکچر اور ڈی ایس ریلوے لاہور نے مسافروں سے ملاقات بھی کی اور اسٹیشن پر فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے فیڈ بیک بھی لیا۔پرنسپل افسران نے اس موقع پر کہا کہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن کے مطابق پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بناتے ہوئے مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، جبکہ لاہور ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبے ریلوے کے نظام کو مزید موثر اور عوام دوست بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔دورے میں ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرا، ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیرا رانا، ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد، ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم اقبال خٹک، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد عمران، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئرز عبدالرحمان، رانا جواد اور غلام مرتضی، اسٹیشن منیجر ظفر اقبال سمیت دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔









