وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے امن، محبت اور رواداری کے وژن اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سیدہ عظمی بخاری کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب آرٹس کونسل لاہور کی جانب سے ساہیوال میں پہلی مرتبہ دو روزہ صوفی فیسٹیول 12 اور 13 جون کو منعقد کیا جا رہا ہے۔
چیچہ وطنی، پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے ساہیوال میں پہلی مرتبہ دو روزہ صوفی فیسٹیول 12 جون کو شروع ہورہا ہے،ڈائریکٹر
چیچہ وطنی. 07 جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے امن، محبت اور رواداری کے وژن اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سیدہ عظمی بخاری کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب آرٹس کونسل لاہور کی جانب سے ساہیوال میں پہلی مرتبہ دو روزہ صوفی فیسٹیول 12 اور 13 جون کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ فیسٹیول کے انعقاد میں ساہیوال آرٹس کونسل انتظامی و مقامی سطح پر معاونت فراہم کرے گی۔ فیسٹیول میں صوفیانہ فکر، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے رنگ نمایاں ہوں گے۔ فیسٹیول کے پہلے روز 12 جون کو شام 4 بجے مصطفی زیدی آرٹ گیلری، ساہیوال آرٹس کونسل میں خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا جائے گا جس میں نامور فنکاروں کے فن پارے پیش کیے جائیں گے۔ اسی روز شام 7 بجے اجوکا تھیٹر کی جانب سے معروف اسٹیج ڈرامہ بلھا پیش کیا جائے گا، جس میں عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ کی تعلیمات اور پیغامِ محبت کو فنکارانہ انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ فیسٹیول کے دوسرے روز 13 جون کو شام 5 بجے بابا فرید: حیات و فکر اور عصرِ حاضر کے لیے رہنمائی کے موضوع پر ایک خصوصی مکالمہ منعقد ہوگا جس میں معروف اسکالر معین نظامی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ مکالمے میں بابا فرید کی تعلیمات، صوفیانہ فکر اور موجودہ دور میں ان کی معنویت پر گفتگو کی جائے گی۔ بعد ازاں شام 7 بجے رنگِ فرید کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مدروف صوفی سنگر تحسین سکینہ صوفی موسیقی اور روحانی رنگوں سے بھرپور پرفارمنس پیش کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس ثقافتی اور روحانی تقریب میں بھرپور شرکت کرکے صوفیا کرام کے پیغامِ امن، محبت اور رواداری کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوفی فیسٹیول نہ صرف ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ نوجوان نسل کو صوفیانہ تعلیمات اور اپنی تہذیبی روایات سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا









