پٹن گرڈ سٹیشن پر توسیعی و تکنیکی کام انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے، ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر زوہیب حیات کی خصوصی ہدایت پر پٹن گرڈ سٹیشن کے توسیعی منصوبہ پر کام زور و شور سے جاری ہے۔ ترجمان کوہستان لوئر انتظامیہ کے مطابق منصوبہ کو مقررہ وقت کے اندر اور جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر کے افسران کی جانب سے سائٹ کے مسلسل دورے اور کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے

کوہستان لوئر۔ 7 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر زوہیب حیات کی خصوصی ہدایت پر پٹن گرڈ سٹیشن کے توسیعی منصوبہ پر کام زور و شور سے جاری ہے۔ ترجمان کوہستان لوئر انتظامیہ کے مطابق منصوبہ کو مقررہ وقت کے اندر اور جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر کے افسران کی جانب سے سائٹ کے مسلسل دورے اور کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے تاکہ کام کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ اس وقت پٹن گرڈ سٹیشن پر توسیعی و تکنیکی کام انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے اور فیلڈ میں موجود ماہر تکنیکی ٹیمیں اس اہم منصوبہ کو جلد سے جلد پائے تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات پرعزم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر زوہیب حیات نے متعلقہ حکام اور تکنیکی ٹیموں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ توسیعی کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کوہستان لوئر کے غیور عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے اور وہ بلا تعطل اور مستحکم بجلی کی فراہمی کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔