ڈیرہ اسماعیل خان ،گورنر خیبرپختونخوا سے نجی ایئرلائن سائوتھ ایئر کے گروپ ایڈوائزر سہیل علی خان نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نجی ایئرلائن سائوتھ ایئر کے گروپ ایڈوائزر سہیل علی خان نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں فضائی رابطوں کے فروغ، سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 07 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نجی ایئرلائن سائوتھ ایئر کے گروپ ایڈوائزر سہیل علی خان نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں فضائی رابطوں کے فروغ، سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شندور میلہ کے موقع پر ملک بھر کے سیاح اور شائقین پروازوں کی بحالی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی رابطوں کی بہتری سے صوبے میں سیاحت کو نئی جہت ملے گی، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سے فلائٹ آپریشن کی بحالی خوش آئند پیش رفت ہے۔ گورنر نے بتایا کہ اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اور فضائی سہولیات میں اضافہ سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شندور میلہ سے قبل پروازوں کا آغاز سیاحوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا اور خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں کو فضائی رابطوں کے ذریعے قومی دھارے سے جوڑا جا رہا ہے۔ گورنر کے مطابق چترال اور ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے پروازوں کی بحالی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، جبکہ بہتر فضائی روابط سے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر سہیل علی خان نے بتایا کہ پشاور سے کوئٹہ اور لاہور کے لیے پروازیں متعلقہ اجازت ملتے ہی شروع کر دی جائیں گی