غیر معیاری اشیاء سے پاک خوراک کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے،وزیراعلی مریم نواز

لاہور۔7جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ تحفظ خوراک کے عالمی دن پر محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،زراعت اور غذائی نظام و ترسیل سے وابستہ ہر فرد تحفظ خوراک کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ تحفظ خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن بذریعہ خوراک ممکنہ بیماریوں …

لاہور۔7جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ تحفظ خوراک کے عالمی دن پر محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،زراعت اور غذائی نظام و ترسیل سے وابستہ ہر فرد تحفظ خوراک کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔

تحفظ خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن بذریعہ خوراک ممکنہ بیماریوں اور خطرات کی روک تھام،انکی بروقت نشاندہی اور موثر انتظام کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں، اموات اور صحت عامہ پر ان کے اثرات کے عالمی، علاقائی اور قومی تخمینہ کی جامع رپورٹ بھی شائع کی گئی ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ غیر محفوظ خوراک سے پیدا کردہ بیماری اور غذائی قلت کا سد باب ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔پنجاب زرخیز زمین، محنتی کسان اور زرعی صلاحیتوں و وسائل سے مالا مال ہے،ہمیں موسمیاتی تبدیلی،پانی کی قلت، آبادی میں اضافہ، خوراک کے بدلتے رجحانات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لئے مربوط اور متقاضی حکمتِ عملی پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت زرعی پیداوار بڑھانے اور موسمیاتی اثرات کی کمی کے لئے زرعی تحقیق اور ٹیکنالوجی پر مبنی جامع اقدامات کر رہی ہے۔ تحقیقی اداروں، نجی شعبے، سول سوسائٹی سے اپیل ہے کہ محفوظ، مضبوط اور صحت افروز غذائی نظام کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلی نے کہاکہ عوام کو کیمیکلز، ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء سے پاک، خالص اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ عوام الناس بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو جنک فوڈ کی بجائے متوازن اور صحت بخش غذا کے استعمال کی ترغیب دی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کی روشنی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی (PFA) صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت ترین کریک ڈائون کر رہی ہے۔ خوراک کے ضیاع کو روکنے کے لیے شادیوں اور دیگر تقریبات میں ون ڈش کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کی سطح پر خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کروانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔