سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد،متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سےیاتریوں کے قیام وطعام کے انتظامات مکمل

متروکہ وقف املاک بورڈ نے سکھ مذہب کی دو اہم مذہبی تقریبات، شہیدی دن گرو ارجن دیو جی (جور میلہ) اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے سلسلے میں پاکستان آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں کے استقبال،قیام و طعام اور دیگر سہولیات کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں

لاہور۔7جون (اے پی پی):متروکہ وقف املاک بورڈ نے سکھ مذہب کی دو اہم مذہبی تقریبات، شہیدی دن گرو ارجن دیو جی (جور میلہ) اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے سلسلے میں پاکستان آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں کے استقبال،قیام و طعام اور دیگر سہولیات کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کی ہدایات پر یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، رہائش، طبی امداد اور لنگر کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کی نگرانی میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔شہیدی دن گرو ارجن دیو جی (جور میلہ) کے موقع پر بھارتی سکھ یاتری 10 جون 2026 کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے، جہاں سے انہیں گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب لے جایا جائے گا۔ یاتری ننکانہ صاحب کے تاریخی گردواروں کی یاترا کے بعد گردوارہ سچا سودا فاروق آباد اور گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے۔بعد ازاں یاتریوں کا قافلہ گردوارہ دربار صاحب کرتارپور، نارووال اور گردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد، گوجرانوالہ کا دورہ کرے گا اور 15 جون کو لاہور پہنچے گا۔ 16 جون 2026 کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں شہیدی دن گرو ارجن دیو جی کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی، یاتری لاہور کے دیگر تاریخی گردواروں کی یاترا کے بعد 19 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے۔دوسری جانب، مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے سلسلے میں بھارتی سکھ یاتری 21 جون کو پاکستان پہنچیں گے، جبکہ برسی کی مرکزی تقریب 29 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی۔پاک بھارت مذہبی یاترا معاہدے کے تحت گرو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات کے لیے ایک ہزار جبکہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے لیے پانچ سو بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ سکھ یاتریوں کی میزبانی کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین ممکنہ انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔