وزیراعظم شہباز شریف کاشمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے

لاہور۔7جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔

اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشنز میں فتنۃ الخوارج کے 27 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ فتنۃ الخوارج اور ان کے سرپرستوں کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ "عزمِ استحکام” وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔