سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں، 27 دہشت گرد جہنم واصل

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا

راولپنڈی۔7جون (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈمعلومات پر خوارج کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں جہاں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائیوں کے نتیجے میں 27 دہشت گرد جہنم واصل کئے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز نے اس کارروائی کے ذریعے میران شاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قتل کا بدلہ بھی لے لیا اور اس واردات میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اینڈ سرچ آپریشنز جاری ہیں، وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ مہم کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔