پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے اشتراک سے ملک بھر میں ہاکی کوچنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، یکساں معیار متعارف کرانے اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ایک جامع ’’کوچنگ ایجوکیشن پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا ہے
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک جامع ’’کوچنگ ایجوکیشن پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے اشتراک سے ملک بھر میں ہاکی کوچنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، یکساں معیار متعارف کرانے اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ایک جامع ’’کوچنگ ایجوکیشن پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔
اتوار کوپی ایچ ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام قومی ہاکی کی بحالی، فروغ اور طویل المدتی ترقی کے لیےفیڈریشن کی وسیع حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ پروگرام کا آغاز 5 جولائی 2026 سے اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ ملک کے تمام علاقوں سے کوچز کو شرکت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ پہلےمرحلے میں گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے کوچز پروگرام میں حصہ لیں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ہاکی کی ترقی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، کوچز کی فنی مہارتوں میں اضافہ کرنا اور گراس روٹ، ترقیاتی اور ایلیٹ سطح پر یکساں اور مؤثر کوچنگ طریقہ کار کو فروغ دینا ہے۔ فیڈریشن نے صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز، محکمہ جات کھیل، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے اہل کوچز سے نامزدگیاں طلب کر لی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی سرکاری ویب سائٹس پر دستیاب آن لائن فارم کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے منتخب امیدواروں کے قیام و طعام کے انتظامات مشترکہ طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے کیے جائیں گے۔پروگرام کے دوران کوچز کی پیشہ ورانہ تربیت، ٹیلنٹ کی نشاندہی، جدید تربیتی تکنیکوں، اسپورٹس سائنس کے استعمال اور کھلاڑیوں کی طویل المدتی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ماہرین کےمطابق یہ تمام عناصر پاکستان میں ہاکی کے ڈھانچے کی ازسرنو تعمیر اور بہتری کے لیے انتہائی اہم ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہائر ایجوکیشن کمیشن، صوبائی سپورٹس اتھارٹیز، ہاکی ایسوسی ایشنز، تعلیمی بورڈز اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے تاکہ ملک بھر سے وسیع اور متوازن نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ فیڈریشن کے عہدیداروں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ اقدام جدید علم، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کوچز کی نئی نسل تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، جو ملک میں ہاکی کی جدید تعلیم و تربیت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام قومی کوچنگ نیٹ ورک کو مضبوط بنانے، نوجوان ٹیلنٹ کو بہتر مواقع فراہم کرنے اور پاکستان ہاکی کی بحالی و پائیدار ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔مزید معلومات کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہائی پرفارمنس اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر طاہر زمان سے فیڈریشن کے مقررہ ذریعے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔








