ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ بارے صدر کینٹ کا دورہ کیا۔
محرم الحرام ،ایس ایس پی آپریشنز کا صدر کینٹ کا دورہ، پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ بارے صدر کینٹ کا دورہ کیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق اس موقع پر ایس پی کینٹ ڈویژن عبد اللہ احسان اور متعلقہ دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے صدر امام بارگاہ حسینیہ ہال کے دورے کے موقع پر منتظمین سے بھی ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ۔آنے والے محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے روٹس ، صدر میں مذہبی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے تمام داخلی و خارجی راستوں، ناکہ بندیوں، اہم مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر اہم حساس مقامات کا بھی معائنہ کیا،جبکہ چیکنگ پوائنٹس پر موجود پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ کا سلسلہ مزید سخت کردیا ۔ایس ایس پی آپریشنز نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران و اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور دیگر ضروری ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کا کہنا ہے کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔








