ایبٹ آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار شجاعت عباسی نے انسانیت اور خدمت کی نئی مثال قائم کر دی

سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے حسن ابدال کے رہائشی نوجوان سردار ججمیت سنگھ نے ایبٹ آباد ٹریفک پولیس بالخصوص ٹریفک اہلکار شجاعت عباسی کی فرض شناسی، ایمانداری اور انسان دوستی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے

ایبٹ آباد۔ 8 جون (اے پی پی):سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے حسن ابدال کے رہائشی نوجوان سردار ججمیت سنگھ نے ایبٹ آباد ٹریفک پولیس بالخصوص ٹریفک اہلکار شجاعت عباسی کی فرض شناسی، ایمانداری اور انسان دوستی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ترجمان ایبٹ آباد پولیس کے مطابق سردار ججمیت سنگھ کے مطابق وہ حال ہی میں اپنی فیملی کے ہمراہ مانسہرہ جا رہے تھے کہ حویلیاں کے مقام پر ان کی گاڑی اچانک خراب ہو گئی، شام کے وقت پیش آنے والے اس واقعہ نے انہیں شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا کیونکہ گاڑی کا گیئر کام کرنا بند کر چکا تھا۔ اسی دوران ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس اہلکار شجاعت عباسی نے ان کی پریشانی محسوس کرتے ہوئے فوری مدد کی۔ انہوں نے نہ صرف گاڑی کا جائزہ لیا بلکہ فیملی کی موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑی کو اپنی نگرانی میں محفوظ رکھنے اور دوسری گاڑی کے ذریعہ سفر جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔ سردار ججمیت سنگھ کا کہنا ہے کہ شجاعت عباسی نے مناسب کرائے پر گاڑی کا انتظام کیا، مکمل رہنمائی فراہم کی اور اگلے روز گاڑی بحفاظت واپس کرنے کے ساتھ ساتھ خراب گاڑی کو حسن ابدال منتقل کرنے کیلئے بھی انتظامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جہاں پولیس کے بارے میں مختلف آراء سننے کو ملتی ہیں، وہاں شجاعت عباسی جیسے فرض شناس، ہمدرد اور خدمتِ خلق کے جذبہ سے سرشار اہلکار محکمہ پولیس کا مثبت اور حقیقی چہرہ ہیں۔ ان کے حسنِ اخلاق اور بے لوث خدمت نے پولیس کیلئے عوامی اعتماد اور احترام میں اضافہ کیا ہے۔ سردار ججمیت سنگھ نے ایبٹ آباد ٹریفک پولیس اور شجاعت عباسی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی صحت، کامیابی اور مزید عزت و احترام کیلئے دعا کی۔