ایبٹ آباد پولیس نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کےلئے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، بازاروں اور حساس مقامات پرجنرل ہولڈ اپ اور چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ایبٹ آباد پولیس کا جنرل ہولڈ اپ، مشکوک افراد کی چیکنگ سمیت سفری کوائف کی جانچ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 8 جون (اے پی پی):ایبٹ آباد پولیس نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کےلئے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، بازاروں اور حساس مقامات پرجنرل ہولڈ اپ اور چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ترجمان ایبٹ آباد پولیس کے مطابق پولیس اہلکار گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشکوک افراد کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ سفری کوائف کی جانچ بھی کر رہے ہیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق جنرل ہولڈ اپ کا مقصد جرائم کی روک تھام، امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا اور مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہے۔ اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ضروری شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ ضلع میں پائیدار امن کو برقرار رکھا جا سکے۔








