قرآنِ مجید سے مضبوط تعلق دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے، سید ریاض حسین شاہ

دارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ قرآنِ مجید سے مضبوط تعلق، ذکرِ الٰہی اور حضور نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا دنیا اور آخرت میں کامیابی کی کلید ہے

راولپنڈی۔8جون (اے پی پی):ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ قرآنِ مجید سے مضبوط تعلق، ذکرِ الٰہی اور حضور نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا دنیا اور آخرت میں کامیابی کی کلید ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارے کے ماہانہ محفلِ ذکر اور درسِ قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ محمد قاسم نے کی جبکہ صدارت علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات انسان کو بامقصد اور کامیاب زندگی گزارنے کا راستہ دکھاتی ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اسلامی تعلیمات سے اپنا تعلق مضبوط بنائے اور اپنی زندگیوں کو ان تعلیمات کے مطابق ڈھالے۔علامہ سید ریاض حسین شاہ نے حضرت علیؓ، اہلِ بیتِ اطہارؓ اور صحابۂ کرامؓ کی پاکیزہ اور مثالی زندگیوں کو امتِ مسلمہ کے لئے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شخصیات کے کردار و عمل سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق اور پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزید خبریں