اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے معذور افراد کے حقوق کے مکمل تحفظ اور انہیں معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک منصفانہ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے ہر فرد کے حقوق کا احترام ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کا معذور افراد کے حقوق کے مکمل تحفظ پر زور

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔10جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے معذور افراد کے حقوق کے مکمل تحفظ اور انہیں معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک منصفانہ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے ہر فرد کے حقوق کا احترام ضروری ہے۔شنہوا کے مطابق معذور افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن (سی آر پی ڈی ) کے رکن ممالک کے 19ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریش نے کہا کہ یہ کنونشن، جو 2026 میں اپنی 20ویں سالگرہ منائے گا، معذوری کے بارے میں عالمی سوچ کو خیراتی اور طبی نقطۂ نظر سے نکال کر انسانی حقوق کے تناظر میں لانے میں اہم کردار ادا کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں لاکھوں معذور افراد کو زیادہ سہولیات، بہتر شناخت اور زیادہ احترام حاصل ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے مطابق اس کنونشن کی توثیق اب تک 192 ممالک اور ایک علاقائی تنظیم کر چکے ہیں۔ دنیا کے 90 فیصد سے زائد ممالک نے معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین نافذ کیے ہیں، جبکہ تقریباً 80 فیصد ممالک ملازمتوں میں امتیازی سلوک کی ممانعت کر چکے ہیں اور 75 فیصد ممالک نے معذور طلبہ کی تعلیمی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی ہے۔تاہم انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی تازہ ترین "معذوری اور ترقیاتی رپورٹ” کے مطابق معذور افراد سے متعلق پائیدار ترقیاتی اہداف کے بیشتر اشاریے اپنے اہداف سے پیچھے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک معذور بچہ غفلت یا تشدد کا شکار ہوتا ہے، اور یہ خطرات اکثر جوانی تک برقرار رہتے ہیں۔انہوں نے حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی اور عوامی زندگی میں شرکت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں اور معذور افراد کو پالیسی سازی کے عمل میں مکمل شراکت دار بنایا جائے۔واضح رہے کہ معذور افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن کو دسمبر 2006 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منظور کیا تھا جبکہ یہ مئی 2008 میں نافذ العمل ہوا۔ یہ ایک قانونی طور پر پابند معاہدہ ہے جو رکن ممالک کو معذور افراد کے حقوق اور وقار کے تحفظ، فروغ اور احترام کا پابند بناتا ہے۔








