برازیل کے فارورڈ فٹ بالر لوئیز ہنریک کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ آئینے میں خود کو دیکھ کر یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ فائنل میں فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو چھٹی بار ورلڈ کپ ٹرافی جتوائیں گے
برازیل کو چھٹی بار ورلڈ کپ جتوانے اور فائنل میں گول کرنے کا خواب روز دیکھتا ہوں، لوئیز ہنریک

مزید خبریں
ریو ڈی جنیرو۔10جون (اے پی پی):برازیل کے فارورڈ فٹ بالر لوئیز ہنریک کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ آئینے میں خود کو دیکھ کر یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ فائنل میں فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو چھٹی بار ورلڈ کپ ٹرافی جتوائیں گے۔ شنہوا کے مطابق 25 سالہ ہنریک، جنہیں ہیڈ کوچ کارلو آنچلوٹی کی پلیئنگ الیون میں ابھی مستقل جگہ ملنا باقی ہے نےکہا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کی ذہنی تیاری کے طور پر روزانہ اس خوبصورت لمحے کا تصور کرتے ہیں اور وہ اس گول کے لئے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہیں۔ زینٹ سینٹ پیٹرزبرگ کی نمائندگی کرنے والے اٹیکر مئی 2025 میں اطالوی کوچ کارلو آنچلوٹی کی تقرری کے بعد سے اب تک 6 میں سے 5 بار برازیلی سکواڈ کا حصہ رہے ہیں۔لوئیز ہنریک نے ہیڈ کوچ کارلو آنچلوٹی کے مثبت اثرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریال میڈرڈ کے سابق باس کھلاڑیوں کو میدان میں آزادی اور روانی کے ساتھ کھیلنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی ان کا حوصلہ بڑھاتے ہیں تو وہ خود کو پرسکون محسوس کرتے ہیں اور دباؤ کے بغیر حریف ٹیم پر اٹیک کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں برازیل کی ٹیم گروپ سی میں شامل ہے جہاں وہ ہفتے کو مراکش کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی جبکہ گروپ کے دیگر میچوں میں اس کا سامنا ہیٹی اور سکاٹ لینڈ سے ہوگا۔








