برمنگھم سٹیڈیم کا نارتھ سٹینڈ برطانوی ایتھلیٹ میتھیو ہڈسن سمتھ کے نام سے منسوب کیا جائے گا

برمنگھم کے الیگزینڈر سٹیڈیم کے نارتھ سٹینڈ کا نام تبدیل کر کے برطانیہ کے مایہ ناز ایتھلیٹ میتھیو ہڈسن سمتھ کے نام پر رکھا جائے گا، جس کا باقاعدہ اعلان اگست میں ہونے والی یورپی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران کیا جائے گا۔

برمنگھم۔10جون (اے پی پی):برمنگھم کے الیگزینڈر سٹیڈیم کے نارتھ سٹینڈ کا نام تبدیل کر کے برطانیہ کے مایہ ناز ایتھلیٹ میتھیو ہڈسن سمتھ کے نام پر رکھا جائے گا، جس کا باقاعدہ اعلان اگست میں ہونے والی یورپی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران کیا جائے گا۔ بی بی سی کے مطابق اولمپک سلور میڈلسٹ اور 4 یورپی ٹائٹلز جیتنے والے 31 سالہ میتھیوہڈسن سمتھ کے اعزاز میں رکھی گئی ایک تقریب کے دوران اس سٹینڈ کی نقاب کشائی کی گئی جہاں ان کا خاندان اور پہلے کوچ شارون مورس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر برطانوی ایتھلیٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے نام پر سٹینڈ کا نام رکھا جانا ان کے کیریئر کی سخت محنت کا صلہ ہے اور وہ اب ہوم گراؤنڈ پر مزید کامیابیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ میتھیو ہڈسن سمتھ نے 2018 اور 2022 کی یورپی چیمپئن شپ میں 400 میٹر ریس میں انفرادی گولڈ میڈل جیتے تھے جبکہ پیرس 2024 اولمپکس میں وہ صرف 0.04 سیکنڈ کے فرق سے گولڈ میڈل جیتنے سے محروم رہے تھے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں پہلی بار منعقد ہونے والی یورپی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 10 سے 16 اگست تک برمنگھم میں کھیلی جائے گی۔

مزید خبریں