کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ بارے اجلاس منعقد ہوا۔
سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت اجلاس، محرم الحرام سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا

مزید خبریں
لاہور۔10جون (اے پی پی):کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ بارے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام سکیورٹی پلان، امن و امان کی صورتحال، جرائم پر قابو پانے اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی سی پی او نے محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حساس مقامات، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم وزیر اعلی پنجاب کی ریڈ لائن ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے نقب زنی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے سدباب کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے اور ہاٹ سپاٹ علاقوں میں پولیس گشت بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو جوئے کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)،ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) ، ڈی آئی جی (آپریشنز) ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن سمیت ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انویسٹی گیشن نے شرکت کی۔








