لیسکو کی بصیرپور سب ڈویژن میں کارروائی ،بجلی چوری پر صارف گرفتار

لیسکو نے بجلی چوری کے خلاف بصیرپور سب ڈویژن میں کارروائی کے دوران صارف کو گرفتار کر کے 1,50,000 یونٹس کے ڈیٹیکشن بل کے چارجز عائد کر دیئے۔

لاہور۔10جون (اے پی پی):لیسکو نے بجلی چوری کے خلاف بصیرپور سب ڈویژن میں کارروائی کے دوران صارف کو گرفتار کر کے 1,50,000 یونٹس کے ڈیٹیکشن بل کے چارجز عائد کر دیئے۔ ترجمان کے مطابق ایس ای اوکاڑہ سید قربان علی شاہ، ایکسیئن حجرہ پیرزادہ اظہر علی شاہ کی نگرانی اور ایس ڈی او بصیرپور آصف سہیل کی قیادت میں چیکنگ کے دوران غلام رسول آئس فیکٹری کو بجلی چوری میں ملوث پایا گیا۔ جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ صارف جدید طریقہ سے میٹر کے سافٹ ویئر میں غیر قانونی مداخلت کر کے بجلی استعمال کر رہا تھا، جس سے محکمہ کو تقریبا50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ کارروائی کے دوران بجلی چوری ثابت ہونے پر ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ محکمانہ تخمینے کے مطابق صارف کے ذمہ 1,50,000 یونٹس کے ڈیٹیکشن بل کے چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خاتمے، قومی وسائل کے تحفظ اور دیانت دار صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔