ڈائریکٹر انفارمیشن گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ریٹائرمنٹ الوداعی تقریب کا انعقاد

ڈائریکٹر انفارمیشن گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ گوجرانوالہ ڈویژن کے دفتر کی جانب سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ تعلقات عامہ کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی اور ان کی گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا

گوجرانوالہ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر انفارمیشن گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ گوجرانوالہ ڈویژن کے دفتر کی جانب سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ تعلقات عامہ کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی اور ان کی گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق اے ڈی جی پی آر عابد نور بھٹی نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی ایک باصلاحیت، دیانتدار اور انتہائی پیشہ ور افسر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی پوری ملازمت کے دوران محکمانہ وقار، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ فرائض انجام دیے اور محکمہ اطلاعات کی ساکھ کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سیالکوٹ محمد اویس نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی نہ صرف ایک بہترین منتظم تھے بلکہ ایک مخلص رہنما اور شفیق ساتھی بھی تھے۔ ان کی رہنمائی اور تجربات سے بے شمار افسران اور اہلکاروں نے استفادہ کیا۔ ان کی ریٹائرمنٹ محکمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ضرور ہے لیکن ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر گوجرانوالہ منور حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی کی شخصیت اعلیٰ اخلاق، مثبت سوچ اور پیشہ ورانہ مہارت کا حسین امتزاج تھی۔ انہوں نے ہمیشہ ٹیم ورک، باہمی احترام اور ادارہ جاتی ترقی کو فروغ دیا۔ ان کی قیادت میں محکمہ تعلقات عامہ نے عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ڈی آئی او منڈی بہاؤالدین قاسم علی رانجھا نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی کی خدمات نوجوان افسران کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اپنی عملی زندگی میں محنت، لگن اور دیانتداری کی جو مثال قائم کی وہ قابلِ تقلید ہے۔محمد گلزار،رانا سہیل انجم اور دیگر مقررین نے بھی ڈاکٹر ذوالفقار علی کی پیشہ ورانہ خدمات، خوش اخلاقی اور محکمہ کے لیے ان کی بے لوث کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت ادارے کا قیمتی اثاثہ رہی ہے اور ان کی یادیں ہمیشہ ساتھیوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی محکمہ تعلقات عامہ کے لیے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ شرکاء نے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیاب ریٹائرڈ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا