معربی ممالک کی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف پابندیاں عائد

برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، نیوزی لینڈ اور ناروے نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کو مالی معاونت فراہم کرنے، اس کی حوصلہ افزائی کرنے اور اس میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف پابندیاں عائد کر دیں

پیرس۔10جون (اے پی پی):برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، نیوزی لینڈ اور ناروے نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کو مالی معاونت فراہم کرنے، اس کی حوصلہ افزائی کرنے اور اس میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف پابندیاں عائد کر دیں۔ الجزیرہ کے مطابق مغربی ممالک کی جانب سے گزشتہ روز یہ اقدام مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی ریکارڈ توسیع اور آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشددکے جواب میں کیا گیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ جیان نویل بیروٹ نے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں کہا ہے کہ اپنے برطانوی، کینیڈین، آسٹریلوی، نیوزی لینڈ اور ناروے کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہم ان افراد کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر رہے ہیں جو مغربی کنارے میں نوآبادیاتی سرگرمیوں اور تشدد کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ ان مغربی ممالک نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی حکومت زمینی صورتحال سے موثر طریقے سے نمٹنے میں ناکام رہی تو وہ مزید اقدامات کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نےکہا کہ فرانس نے اسرائیل کے وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ، آبادکار گروپوں کے تین رہنماؤں اور 21 اسرائیلی آبادکاروں پر بھی مغربی کنارے میں تشدد کے باعث ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔