سٹی لوکل گورنمنٹ ایبٹ آباد کے میئر سردار شجاع نبی کی زیر صدارت تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔
میئر ایبٹ آباد سردار شجاع نبی کی زیر صدارت اجلاس،ترقیاتی سکیموں کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 10 جون (اے پی پی):سٹی لوکل گورنمنٹ ایبٹ آباد کے میئر سردار شجاع نبی کی زیر صدارت تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ میئر آفس ایبٹ آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران شہر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں کے مختلف پہلوؤں پر افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عوامی مفاد اور شہر کی خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد نئی ترقیاتی سکیموں کی باقاعدہ منظوری دیدی گئی۔ میئر ایبٹ آباد نے تمام جاری سکیموں کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی ریکارڈ ترقی ہماری اولین ترجیح تھی مگر بدقسمتی سے بلدیاتی نظام کو مفلوج کر دیا گیا۔
بلدیاتی نظام کا چار سالہ دور حکومت مکمل ہونے پر وہ کچھ حقائق آپ کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں، انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبہ میں بلدیاتی نظام کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مفلوج کیا گیا جس نے مقامی سطح پر ترقی کے عمل کو شدید متاثر کیا، اختیارات اور فنڈز کی بندش کی وجہ سے ہم عوام سے کئے گئے تمام وعدے اس طرح پورے نہیں کر سکے جیسے ہم چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کو بے بس کرنا دراصل عوامی ترقی کو روکنے کے مترادف تھا تاہم نظام کی اس بے بسی کے باوجود ہم نے ہمیشہ عوامی حقوق کی جنگ لڑی اور موجود فنڈز کی ایسی منصفانہ تقسیم کی جس کی مثال شاید سیاست میں پہلے موجود نہیں ہے۔








