سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے جہاں مختلف مذاہب و ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد صدیوں سے ہم آہنگی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں،
پاکستان پر امن ملک جہاں مختلف مذاہب و ثقافتوں کے لوگ صدیوں سے آباد ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

مزید خبریں
سیالکوٹ ،10 جون (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے جہاں مختلف مذاہب و ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد صدیوں سے ہم آہنگی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں، مختلف تہذیبوں، ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان مکالمہ عالمی امن و استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اسلام امن، محبت، اخوت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے ،ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر محبت کو فروغ دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی یومِ مکالمہ بین التہذیب کے موقع پر آدم وحوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مقامی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوان نسل کو برداشت، رواداری اور مکالمے کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے کو دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے اسے تعمیری سوچ اور باہمی سیکھنے کے موقع کے طور پر اختیار کیا جانا چاہیے۔ دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف تہذیبوں کے درمیان رابطے اور تبادلۂ خیال سے نہ صرف غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر امن اور استحکام کو بھی فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس دن کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمہ اور تعاون ہی بہترین راستہ ہے۔








