سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کا جنرل ہسپتال کا دورہ

سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب راجہ جہانگیر انور نے لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل سے ملاقات کی۔

لاہور۔10جون (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب راجہ جہانگیر انور نے لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران شعبہ پلاسٹک سرجری کے آپریشن تھیٹر کی ترجیحی بنیادوں پر مرمت اور بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے مریضوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کاموں کے دوران پلاسٹک سرجری کے لیے متبادل آپریشن تھیٹر مخصوص کر دیا ہے تاکہ علاج معالجے میں کوئی تعطل نہ آئے اور مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر نرسنگ ہاسٹل کے 12 کمرے تزئین و آرائش کے بعد باضابطہ طور پر کالج انتظامیہ کے سپرد کر دیے گئے۔ ملاقات کے دوران پرنسپل نے سیکرٹری مواصلات کو شعبہ پلاسٹک سرجری کے آپریشن تھیٹر کی موجودہ حالت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد مرمت کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو محمد ارشد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق جنرل ہسپتال میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات اور بہترین انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام کے دوران بھی مریضوں کا تحفظ اور انہیں بہترین طبی نگہداشت فراہم کرنا ہیلتھ پروفیشنلز کی اولین ترجیح ہے اور ہسپتال انتظامیہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔