اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کے زیرِ اہتمام نیول ہیڈکوارٹرز میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام نیول ہیڈکوارٹرز میں روڈ سیفٹی سیمینارکا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کے زیرِ اہتمام نیول ہیڈکوارٹرز میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
سیمینار میں چیف سٹاف آفیسر آف کموڈور کیپٹن ارشد اقبال، نیول پرووسٹ مارشل کیپٹن اجمل حسین، اسسٹنٹ نیول پرووسٹ مارشل لیفٹیننٹ کمانڈر فواد علی سمیت پاکستان نیوی اور نیول پولیس کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کے افسران نے شرکاء کو ٹریفک قوانین کی اہمیت، ان پر مؤثر عملدرآمد اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر محفوظ ڈرائیونگ، لین ڈسپلن، مقررہ رفتار کی پابندی اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے موضوعات پر خصوصی آگاہی فراہم کی گئی۔ایجوکیشن ونگ کے افسران کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی کے فروغ اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور دوسروں کے لیے بھی مثال قائم کریں۔سیمینار کے اختتام پر اسلام آباد ٹریفک پولیس اور پاکستان نیوی کے افسران کے درمیان اعزازی شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔ شرکاء نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے روڈ سیفٹی کے فروغ اور محفوظ سفری ماحول کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ۔








