صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات کی زیر صدارت اجلاس ،شاہراہوںپر ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے بات چیت

مزید خبریں
لاہور۔10جون (اے پی پی):صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شاہراہوں پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو موجودہ قوانین، لوڈ مینجمنٹ کے طریقہ کار اور صوبہ بھر میں قائم ویٹ اسٹیشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ لوڈ مینجمنٹ کے نظام کا مکمل سروے کیا جائے موجودہ قوانین کا جائزہ لیا جائے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے واضح طریقہ کار مرتب کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایک افسر کو اس ٹاسک کی انجام دہی کے لیے نامزد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ملک صہیب بھرتھ نے فیلڈ فارمیشن سے صوبہ بھر کے ویٹ اسٹیشنز کی موجودہ صورتحال پر جامع رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ویٹ اسٹیشنز کے اسٹرکچر اور عمارتوں کی مفصل رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب کی شاہراہوں پر اوور لوڈنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ اوور لوڈنگ کی روک تھام شاہراہوں کی پائیداری کو یقینی بنانے اور ٹریفک حادثات سے بچا وکے لیے ناگزیر ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت شاہراہوں پر لوڈ کو موثر انداز میں مینیج کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر کا تحفظ اور عوام کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








