الخدمت بنو قابل انٹری ٹسٹ مردان سپورٹس کمپلیکس میں 13جون کو ہوگا

الخدمت بنو قابل پروگرام کے تحت مردان اسپورٹس کمپلیکس میں 13جون کو ہونے والے الخدمت بنو قابل اپٹیٹیوڈ ٹسٹ کی تیاریاں تیز کردی گئی

پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):الخدمت بنو قابل پروگرام کے تحت مردان اسپورٹس کمپلیکس میں 13جون کو ہونے والے الخدمت بنو قابل اپٹیٹیوڈ ٹسٹ کی تیاریاں تیز کردی گئی۔ ٹسٹ میں ضلع مردان، صوابی،نوشہرہ اور چارسدہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ وطالبات شریک ہوں گے۔

الخدمت بنو قابل انٹری ٹسٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے مردان سپورٹس کمپلیکس مردان کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا وسطی و جنوبی کے صدر خالد وقاص، ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد، جماعت اسلامی ضلع مردان کے امیر غلام رسول،جنرل سیکرٹری سعید اختر ایڈوکیٹ،سابق تحصیل ناظم ابراہیم بلند،صوبائی نائب صدر تاج الملوک اور الخدمت کے صوبائی و ضلعی ذمہ داران بھی ہمراہ تھے۔ الخدمت فاؤنڈیشن مردان کے صدر ڈاکٹر ارشد اور ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 13جون کو مردان سپورٹس کمپلیکس میں مردان ڈویژن کی تاریخ کے سب سے بڑے انٹری ٹسٹ کا انعقاد کیاجائے گا جس کے لئے اب تک 20 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے آن لائن رجسٹریشن کی ہے اور اس تاریخی ٹسٹ کےلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کا اضافہ ہو رہا ہے۔ افتتاحی تقریب سے امیر جماعت اسلامی پاکستان اور بنو قابل پروگرام کے بانی انجینئر حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔