سکی ماؤنٹینیئرنگ 2030 کے سرمائی اولمپکس میں شامل کرنے کی تجویز، حتمی فیصلہ رواں ماہ ہوگا

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹو بورڈ نے فرانسیسی الپس میں ہونے والے 2030 کے سرمائی اولمپکس میں ‘سکی ماؤنٹینیئرنگ’ کو ایک اضافی کھیل کے طور پر شامل کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

جنیوا۔11جون  (اے پی پی):بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹو بورڈ نے فرانسیسی الپس میں ہونے والے 2030 کے سرمائی اولمپکس میں ‘سکی ماؤنٹینیئرنگ’ کو ایک اضافی کھیل کے طور پر شامل کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ شنہوا کے مطابق اس اہم سفارش پر حتمی غور رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے 146 ویں آئی او سی سیشن میں کیا جائے گا۔یہ تجویز فرانسیسی الپس آرگنائزنگ کمیٹی کی درخواست اور اولمپک پروگرام ورکنگ گروپ کے جائزے کے بعد سامنے آئی ہے۔ آئی او سی کا 146 واں سیشن 24 سے 25 جون کو لوزان، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگا۔آئی او سی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کھیل فرانسیسی الپس 2030 کے وژن کے عین مطابق ہے کیونکہ اس کے لئے کم سے کم انفراسٹرکچر کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ نوجوان نسل کے لئے بے حد پرکشش ہے۔یاد رہے کہ سکی ماؤنٹینیئرنگ نے 2026 کے ملان کورٹینا سرمائی کھیلوں سے اپنے اولمپک سفر کا آغاز کیا تھا، جہاں مردوں، خواتین اور مکسڈ ریلے کے سپرنٹ مقابلے شامل تھے۔ تاہم 2030 کے کھیلوں کے لئے منتظمین نے مردوں اور خواتین کے انفرادی مقابلوں کو شامل کرنے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد اس پروگرام میں 2 ڈسپلنز کے مجموعی طور پر 5 مقابلے شامل ہو جائیں گے۔ایگزیکٹو بورڈ نے 2030 کے سرمائی کھیلوں کے لئے ایتھلیٹس کے کوٹے اور مقابلوں کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کی ٹائم لائن میں معمولی تبدیلی کی بھی منظوری دی ہے۔