برفانی کھیلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا میلہ، آئی ایس یو نے ‘بیجنگ 2028’ کا اعلان کر دیا

انٹرنیشنل سکیٹنگ یونین (آئی ایس یو) نے ایک تاریخی نئے ایونٹ ‘بیجنگ 2028’ کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تاریخ میں پہلی بار 4 آئی ایس یو ورلڈ چیمپئن شپس اور آئی ایس یو سکیٹنگ ایوارڈز ایک ہی شہر میں منعقد کیے جائیں گے

جنیوا۔11جون (اے پی پی):انٹرنیشنل سکیٹنگ یونین (آئی ایس یو) نے ایک تاریخی نئے ایونٹ ‘بیجنگ 2028’ کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تاریخ میں پہلی بار 4 آئی ایس یو ورلڈ چیمپئن شپس اور آئی ایس یو سکیٹنگ ایوارڈز ایک ہی شہر میں منعقد کیے جائیں گے۔شنہوا کے مطابق دنیا کا پہلا ‘ڈوئل اولمپک سٹی’ بیجنگ سال 2028 میں فگر سکیٹنگ، سپیڈ سکیٹنگ، شارٹ ٹریک اور سنکرونائزڈ سکیٹنگ کی ورلڈ چیمپئن شپس کی میزبانی کرے گا۔ آئی ایس یو کے مطابق ‘بیجنگ 28’ محض ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں ہوگا، بلکہ اسے سکیٹنگ کے دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی میلے کے طور پر ڈیزائن کیا جا رہا ہے جو سٹیڈیمز سے نکل کر پورے شہر میں پھیل جائے گا۔آئی ایس یو کے صدر کم جے یول نے اس حوالے سے کہا کہ یہ ایونٹ سکیٹنگ کے مستقبل کے لئے ایک جرات مندانہ وژن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار تمام ڈسپلنز کے ایتھلیٹس، مداح، براڈکاسٹرز اور پارٹنرز ایک ہی سٹیج پر اکٹھے ہوں گے، جس سے دنیا بھر کی ثقافتوں اور نسلوں کو جوڑنے کا موقع ملے گا۔اگرچہ آئی ایس یو نے ابھی تک ایونٹ کی حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا، تاہم یہ تصدیق کی ہے کہ مقابلے نیشنل انڈور سٹیڈیم، کیپیٹل انڈور سٹیڈیم اور نیشنل سپیڈ سکیٹنگ اوول میں منعقد ہوں گے۔ یہ ایونٹ ملان کورٹینا 2026 اور فرنچ الپس 2030 کے سرمائی اولمپکس کے درمیان اس اولمپک سائیکل کا سب سے بڑا اور اہم ترین بین الاقوامی سکیٹنگ ایونٹ ہوگا۔

مزید خبریں