چیئرمین پی سی بی کی فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )محسن نقوی نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان فٹبال ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے

لاہور۔11جون (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )محسن نقوی نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان فٹبال ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس نے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔اپنے تہنیتی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ قومی فٹبالرز نے میدان میں شاندار کھیل اور غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد پہلا انٹرنیشنل فٹبال ٹائٹل جیتنا پاکستان فٹبال کے نئے دور کا آغاز ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی فٹبال ٹیم کی تاریخی فتح ہر سپورٹس مین کے لیے باعثِ تقلید اور حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔