لیبیا نے ہوائی اڈوں پر ویزا آن ارائیول کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی

لیبیا کی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کے داخلے کو منظم بنانے اور سرحدی نگرانی مضبوط کرنے کے لیے ہوائی اڈوں اور فضائی داخلی مقامات پر ویزا آن ارائیول کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی

طرابلس۔11جون (اے پی پی):لیبیا کی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کے داخلے کو منظم بنانے اور سرحدی نگرانی مضبوط کرنے کے لیے ہوائی اڈوں اور فضائی داخلی مقامات پر ویزا آن ارائیول کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی ۔ شنہوا نے گزشتہ روز جاری سرکاری اعلامیے کے حوالے سے بتایا کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے اور اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک ویزا جاری کرنے کے نظام کا جامع جائزہ مکمل نہیں ہو جاتا اور نئے ضابطہ کار متعارف نہیں کرا دیئے جاتے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد داخلہ اجازت ناموں میں جعلسازی اور ان کے غلط استعمال کو روکنا ہے جبکہ ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے سے متعلق موجودہ قوانین اور ضوابط پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانا بھی اس کا حصہ ہے۔ وزارتِ داخلہ اور پاسپورٹ اور شہریت و امورِ خارجہ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویزا کے اجرا کے طریقہ کار کو منظم بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک تیار کریں اور 30 دن کے اندر اسے وزیرِ اعظم کو پیش کریں، اس میں تکنیکی، سکیورٹی اور انتظامی حفاظتی اقدامات شامل ہوں تاکہ نظام کو موثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت پر عوامی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مختلف احتجاجی مظاہروں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے غیر قانونی ہجرت، سرحدی دراندازی اور فضائی و زمینی سرحدی گزرگاہوں پر دستاویزات میں جعلسازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ لیبیا کئی سالوں سے بعض ممالک کے شہریوں کو مخصوص ہوائی اڈوں پر ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا رہا ہے جس سے کاروباری افراد ، غیر ملکی وفود اور دیگر افراد کے لیے ملک میں داخلہ آسان بنایا جاتا تھا۔