پی ایم ایل (ن) اور پی پی پی کے وفود کی ملاقات کی، گلگت بلتستان میں حکومت سازی سے متعلق تجاویز پر غور

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اعلیٰ سطحی وفد سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت سازی سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

گلگت۔ 11 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اعلیٰ سطحی وفد سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت سازی سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد میں وفاقی وزیر امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئرامیرمقام اور صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان شامل تھے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما قمر زمان کائرہ، سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن، سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری، صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ اور سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ شریک ہوئے۔ گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ حکومت سازی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر متعدد تجاویز زیر غور آئیں اور مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں وفود نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت سازی سے متعلق تجاویز کا جائزہ اپنی اپنی جماعتوں کی گلگت بلتستان اور مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا، جس کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔