ملاکنڈ،تھانہ بائزئی نیشنل معیار کے ہاکی اسٹیڈیم میں چیمپئن شپ کا شاندار آغاز

خیبر پختونخوا حکومت کے تعاون سے تھانہ بائزئی کے نیشنل معیار کے ہاکی اسٹیڈیم میں پہلی ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا۔

ملاکنڈ۔ 11 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت کے تعاون سے تھانہ بائزئی کے نیشنل معیار کے ہاکی اسٹیڈیم میں پہلی ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا۔ ایونٹ کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو موقع دینا اور انہیں مثبت سرگرمیوں سے جوڑنا ہے۔ افتتاحی روز سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔ پہلے میچ میں عامر سلیم جونیئر ہاکی کلب درگئی نے جولگرام ہاکی کلب کو 3-1 سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں عامر سلیم سینئر ہاکی کلب درگئی نے بلال شہید ہاکی کلب تھانہ کو 2۔1 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سعید اختر نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نوجوان کھلاڑیوں کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی۔ ایسے ایونٹ قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے نکھار میں اہم کردار ادا کریں گے۔