انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی نشریات خواتین کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا معیار قائم کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے دوران جدید اور منفرد براڈکاسٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے شائقین کو پہلے سے کہیں زیادہ معیاری اور دلچسپ کوریج فراہم کی جائے گی۔
ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی نشریات خواتین کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب ثابت ہوگی

مزید خبریں
لاہور۔11جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی نشریات خواتین کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا معیار قائم کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے دوران جدید اور منفرد براڈکاسٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے شائقین کو پہلے سے کہیں زیادہ معیاری اور دلچسپ کوریج فراہم کی جائے گی۔12 جون سے 5 جولائی2026 تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے اس میگا ایونٹ کے تمام33 میچز 7 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ ہر میچ کی لائیو نشریات آئی سی سی ٹی وی کے ذریعے کی جائیں گی اور ہر مقابلے کو35 سے 41 کیمروں کی مدد سے کور کیا جائے گا تاکہ کھیل کے ہر لمحے کو مختلف زاویوں سے دکھایا جا سکے۔ ٹورنامنٹ میں ایک بار پھر موبائل صارفین کے لیے خصوصی عمودی لائیو سٹریمنگ متعارف کرائی جائے گی، جسے خاص طور پر موبائل پر کرکٹ دیکھنے والوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ فارمیٹ پہلی بار 2023 کے مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں پیش کیا گیا تھا اور اسے شائقین کی بڑی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔پہلی مرتبہ کسی آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی مکمل پروڈکشن 1080 ایچ ڈی معیار میں کی جائے گی، جس سے ناظرین کو زیادہ واضح اور معیاری تصاویر دیکھنے کا موقع ملے گا۔ جدید ٹیکنالوجیز جیسے کومیٹ کیم، ہاک ویژن، میجک 360، وِز لیبیرو اور آرکچرس کے ذریعے وکٹوں، جشن، کھلاڑیوں کے تاثرات اور اہم لمحات کو زیادہ قریب اور منفرد انداز میں دکھایا جائے گا۔ میجک360 ٹیکنالوجی متحرک ری پلے فراہم کرے گی جبکہ وِز لیبیرو کے ذریعے میچ کی تکنیکی اور حکمتِ عملی پر مبنی تجزیاتی گرافکس پیش کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ پلیئر ٹریکنگ سروسز، کرک وِز ڈیٹا، ڈرونز، بگی کیمرے اور فضائی کیبل کیمرہ سسٹمز کے ذریعے میدان کے مختلف زاویوں سے دلکش مناظر دکھائے جائیں گے۔آئی سی سی ٹی وی کی پروڈکشن سروسز سن سیٹ اینڈ وائن جبکہ براڈکاسٹ انجینئرنگ اور آئوٹ ڈور سہولیات این ای پی کے تعاون سے فراہم کی جائیں گی، جس سے عالمی معیار کی نشریات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر خواتین کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار تمام وارم اپ میچز بھی لائیو سٹریم کیے گئے ہیں جبکہ مرکزی ٹورنامنٹ کو مختلف اہم مارکیٹس میں 14 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ویک کے تحت دنیا بھر کے 50 سے زائد رکن ممالک میں کرکٹ فیسٹیولز اور واچ پارٹیز کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد خواتین کرکٹ کو مزید فروغ دینا اور نئی نسل کو اس کھیل سے جوڑنا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ نہیں بلکہ خواتین کرکٹ کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کی مقبولیت کے لیے ایک ثقافتی تحریک ثابت ہوگا۔








