رواں مالی سال کے دوران عوامی صحت کے اخراجات میں 17.3 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ

رواں مالی سال کے دوران عوامی صحت کے اخراجات میں 17.3 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جو مجموعی قومی پیداوار جی ڈی پی کے 0.8 فیصد کے مساوی ہے۔ جمعرات کو یہاں جاری اقتصادی جائزہ رپورٹ 26-2025 کے مطابق رواں مالی سال میں پبلک ہیلتھ کے اخراجات کا حجم 942.2 ارب روپے رہا جبکہ گذشتہ سال عوامی صحت کے اخراجات 924.9 ارب روپے رہے تھے

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):رواں مالی سال کے دوران عوامی صحت کے اخراجات میں 17.3 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جو مجموعی قومی پیداوار جی ڈی پی کے 0.8 فیصد کے مساوی ہے۔ جمعرات کو یہاں جاری اقتصادی جائزہ رپورٹ 26-2025 کے مطابق رواں مالی سال میں پبلک ہیلتھ کے اخراجات کا حجم 942.2 ارب روپے رہا جبکہ گذشتہ سال عوامی صحت کے اخراجات 924.9 ارب روپے رہے تھے۔ وزارت برائے قومی صحت کی نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی 35-2026 کے مطابق وزارت قومی صحت وفاقی اور صوبائی سطح پر صحت کی سہولیات میں بہتری اور آبادی پر کنٹرول کیلئے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت ماں اور بچے کی صحت کی بہتری اور غذائی قلت کے خاتمہ کیلئے مختلف پروگرام چلا رہی ہے جن میں نیشنل ملٹی سیکٹرل نیوٹریشن پروگرام، بے نظیر نشوونما پروگرام، پاک کوریا نیوٹریشن کے تحت نیوٹریشن کی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔ اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن آف پاکستان کے ریڈیو تھراپی، ریڈیالوجی اور نیوکلیئر میڈیسن کے شعبے سالانہ ایک ملین سے زیادہ مریضوں کو طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں جبکہ اٹامک انرجی کمیشن کے ہسپتالوں میں پتھالوجی کے شعبہ میں سالانہ 20 لاکھ سے زائد مریضوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

 

مزید خبریں