آئیوری کوسٹ ،ٹریفک حادثے میں 8 افراد ہلاک ، 50 زخمی

مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے شمالی علاقے میں واقع قصبے نیاکاراماندوگو کے قریب ٹریفک حادثے میں 8 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ابیجان۔12جون (اے پی پی):مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے شمالی علاقے میں واقع قصبے نیاکاراماندوگو کے قریب ٹریفک حادثے میں 8 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ شنہوا نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شمالی آئیوری کوسٹ سے دارالحکومت ابیجان جانے والی ایک مسافر بس بھاری مشینری لے جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، تصادم میں بس بے قابو ہو کر سڑک سے گہری کھائی میں جا گری۔آئیوری کوسٹ کے روڈ سیفٹی دفتر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہر سال تقریباً 6 ہزار ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں جن میں لگ بھگ 600 افراد جان کی بازی ہار جاتے اور 13 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوتے ہیں۔