وزیراعظم کی ہدایت پر خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی کی منظوری

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے صوبے کے عوام کو گندم کی فراہمی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو گندم سال کے آغاز میں مقرر کی گئی سرکاری قیمت پر فراہم کی جائے گی، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی وزیراعظم کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانا اور عوامی مشکلات میں کمی لانا ہے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو سستی اور معیاری گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں تمام صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے تاکہ غذائی تحفظ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔