ورلڈ بینک نے 2026 کے لیے عالمی اقتصادی ترقی کی شرح کا تخمینہ کم کرتے ہوئے اسے 2.5 فیصد مقرر کر دیا جو 2025 میں متوقع 2.9 فیصد کے مقابلے میں کم ہے، یہ شرح 2019 کے بعد عالمی معیشت کی کم ترین ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔
ورلڈ بینک نے 2026 کے لیے عالمی اقتصادی ترقی کا تخمینہ کم کر دیا،2.5 فیصد مقرر

مزید خبریں
نیو یارک ۔12جون (اے پی پی):ورلڈ بینک نے 2026 کے لیے عالمی اقتصادی ترقی کی شرح کا تخمینہ کم کرتے ہوئے اسے 2.5 فیصد مقرر کر دیا جو 2025 میں متوقع 2.9 فیصد کے مقابلے میں کم ہے، یہ شرح 2019 کے بعد عالمی معیشت کی کم ترین ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔شنہوا کے مطابق ورلڈ بینک کی شائع کردہ ششماہی "گلوبل اکنامک پراسپیکٹس” رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعہ، توانائی کی بڑھتی قیمتیں، مہنگائی میں اضافے اور قرض لینے کی لاگت بڑھنے کے باعث عالمی اقتصادی نمو کی پیش گوئی میں کمی کی گئی ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی معیشت کو مزید سنگین خطرات لاحق ہیں، اگر توانائی کی فراہمی میں رکاوٹیں طویل عرصے تک برقرار رہیں اور تیل کی اوسط قیمت 115 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے سے عالمی ترقی کی شرح مزید کم ہو کر 2.1 فیصد اور مہنگائی بڑھ کر 4.4 فیصد تک جا سکتی ہےجبکہ توانائی کا بحران مالیاتی منڈیوں کو متاثر کرنے کی صورت میں عالمی ترقی صرف 1.3 فیصد تک محدود ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 کی پیش گوئی کے مقابلے میں تقریباً دو تہائی ممالک کی اقتصادی ترقی کے تخمینوں میں کمی کی گئی ہے۔ خلیجی ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں ترقی کی شرح 2025 کے 3.9 فیصد سے کم ہو کر 2026 میں تقریباً صفر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔جنوبی ایشیا کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ خطہ 2026 میں 6.3 فیصد کے ساتھ دنیا کی سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل رہے گا، تاہم یہ شرح 2025 کے 7 فیصد کے مقابلے میں کم ہوگی۔ورلڈ بینک نے 2026 کے لیے امریکی معیشت کی ترقی کی شرح 2.2 فیصد برقرار رکھی ہے، تاہم رپورٹ کے مطابق یہ شرح 2027 میں 2.1 فیصد اور 2028 میں 2 فیصد تک گر سکتی ہے۔
یورو زون کی اقتصادی ترقی 2026 میں 0.8 فیصد رہنے کی توقع ہے جو 2025 میں 1.4 فیصد تھی جبکہ جاپان کی معیشت کی شرح نمو 1.1 فیصد سے کم ہو کر 0.7 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی اقتصادی ترقی 2027 میں بہتر ہو کر 2.8 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، تاہم یہ شرح بھی 2010 کی دہائی کی اوسط سے 0.4 فیصد کم رہے گی۔ورلڈ بینک نے زور دیا ہے کہ عالمی سطح پر توانائی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے، توانائی کی منتقلی کے عمل کو تیز کرنے، مہنگائی پر قابو پانے، مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات ناگزیر ہیں۔








