پاکستانی عازمین کی تعداد دنیا میں دوسرے نمبر پر، حج آپریشن شاندار رہا، سردار محمد یوسف

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اللہ کے شکر اور توفیق سے پاکستان کا حج آپریشن بہترین رہا، مسلسل دوسرے سال سعودی وزارت مذہبی امور کی طرف سے ایکسیلینس ایوارڈ ملا جو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اللہ کے شکر اور توفیق سے پاکستان کا حج آپریشن بہترین رہا، مسلسل دوسرے سال سعودی وزارت مذہبی امور کی طرف سے ایکسیلینس ایوارڈ ملا جو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت اور سرپرستی میں حج مشن نے تمام وسائل بروئے کار لا کر عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔ وہ جمعے کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر مذہبی امور نے حج آپریشن کی کامیابیوں اور اہم پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ الحمد للہ تعداد کے لحاظ سے پاکستان کے حجاج پوری دنیا میں دوسرے نمبر پر ہیں اور اتنی بڑی تعداد ہونے کے باوجود انتظامات مثالی اور بہترین رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے 80 فیصد حجاج کرام مستفید ہوئے جبکہ نجی حج سکیم کو بھی تین ایوارڈ ملے جو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت مذہبی امور کے ساتھ ہمارا مثالی رابطہ رہا اور سعودی حکومت نے عازمین حج کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کیں جس پر ہم خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان سمیت سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔سردار محمد یوسف نے آئندہ حج پالیسی اور رہائشی سہولیات کے حوالے سے بتایا کہ سعودی وزارت حج نے آمدہ حج پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت سعودی ڈیڈ لائن کے مطابق حج پالیسی رواں ماہ ہی وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی اور حج درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی پالیسی کے اصول کے مطابق لی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس سال بھی مدینہ منورہ میں حجاج کرام کو 100 فیصد رہائش مرکزیہ یعنی مرکزی علاقے میں فراہم کی گئی جبکہ حج میڈیکل مشن، سعودی جرمن ہسپتال اور حج والنٹیئرز کی خدمات بھی قابل تحسین رہیں۔وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ حج مشن نے 146 شدید بیمار اور ضعیف حجاج کو وقوف عرفات اور طواف زیارت سمیت دیگر مناسک ادا کروائے اور ہماری ہرممکن کوشش رہی کہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس سال بروقت مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر میں انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دوران حج شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی بہت کم رہا اور وزارت نے موقع پر ہی بے شمار شکایات کا فوری ازالہ کیا، ہم سب نے خدمت کے جذبے سے کام کیا اور عازمین حج کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رہے گا.