راولپنڈی: تاجروں کا وفاقی بجٹ 2026-27 پر اطمینان، کاروبار دوست اور متوازن قرار
وفاقی بجٹ27-2026پر راولپنڈی کی تاجر برادری کا اظہار اطمینان

مزید خبریں
راولپنڈی۔13جون (اے پی پی):وفاقی بجٹ27-2026پر راولپنڈی کی تاجر برادری نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں ایک متوازن اور کاروبار دوست بجٹ قرار دیا ہے۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجٹ سازی کے عمل میں تاجروں کو شامل کرنا خوش آئند پیش رفت ہے جس سے کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان اعتماد کو فروغ ملا ہے جبکہ بجٹ میں شامل مختلف ریلیف اقدامات معاشی سرگرمیوں کے استحکام اور کاروباری ماحول کی بہتری میں معاون ثابت ہوں گے۔ انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر شرجیل میر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ بجٹ تجاویز کی تیاری میں تاجروں کو اعتماد میں لیا جس سے کاروباری حلقوں میں اعتماد کی فضا پیدا ہوئی ہے، تاجروں سے مشاورت کے بعد مرتب کی گئی فکسڈ ٹیکس پالیسی ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد جبکہ کم از کم اجرت میں 10 فیصد اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو ریلیف ملے گا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ شرجیل میر نے کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کو بھی عوام دوست اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس پالیسیوں میں مزید آسانی پیدا کی جائے تو بڑی تعداد میں تاجر رضاکارانہ طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ راولپنڈی صدر کے تاجر رہنما ناصر عباسی نے بجٹ کو مشکل معاشی حالات میں ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریلیف اور محصولات کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورتی عمل میں تاجروں کی شمولیت خوش آئند ہے جس سے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہو گا۔ آئی ٹی شعبے سے وابستہ تاجر عامر سعید نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے حوصلہ افزا اشارے موجود ہیں، بعض ٹیکسوں میں نرمی اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کی حکومتی پالیسی آئی ٹی اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے شعبوں کی ترقی میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر برآمدات اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ٹی سلوشنز فراہم کرنے والے تاجر عاطف ملک نے کہا کہ بجٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ٹیکسوں میں ریلیف اور معیشت کو مستحکم بنانے کے اقدامات تاجروں کو مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد فراہم کریں گے۔ تاجر رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پالیسیوں میں تسلسل، کاروبار میں آسانیاں اور تمام متعلقہ فریقوں سے مسلسل مشاورت ہی پائیدار معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور قومی معیشت کے استحکام کی ضمانت بن سکتی ہے۔







