پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی طرف سے اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 13 جون (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔ ہفتہ کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق شدید گرمی اور بارشوں کے باعث شمالی اضلاع میں گلیشیئرز اور برف تیزی سے پگھلنے لگے، بارشوں کے ساتھ پانی کے بہاؤ میں اضافے سے گلاف اور فلیش فلڈز کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، چترال، کوہستان، دیر اور مانسہرہ کے برفانی وادیوں میں گلیشیائی جھیل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی و پتھروں کے تودے گرنے اور رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو خطرناک علاقوں میں بروقت وارننگ، انخلائی مشقیں اور محفوظ مقامات پر ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنانے، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو پیشگی خبردار کرنے، کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو گرمی کی لہر کے دوران دریا کناروں، برساتی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور حساس علاقوں میں احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، سی اینڈ ڈبلیو، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے اور مشینری و عملہ پہلے سے تعینات رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔








